اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو راولپنڈی میں ریلی اور جلسے میں شرکت سے روک دیا، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی سات ٹیکسلا میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو ریلی اور جلسے میں شرکت سے روک دیا ہے، ریٹرننگ آفیسر پی پی 7راولپنڈی نے عمران خان کو شرکت سے روکا ہے ۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی بینرز اور میڈیا سے پتہ چلا ہے کہ ٹیکسلا میں آپ ریلی میں شریک ہوںگے، الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق منتخب رکن اسمبلی کو انتخابی مہم میں شرکت کی اجازت نہیں،
یاد رہے کہ عمران خان نے کل پی پی 7 ٹیکسلا سے تحریک انصاف کے امیدوار عمارصدیق خان کی ریلی میں شرکت کرنا ہے، جہاں چھبیس اگست کو ضمنی انتخاب ہوگا۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے تحریک انصاف کا رائے ونڈ میں ممکنہ دھرنا روکنے سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کے لئے فل بنچ تشکیل دے دیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد فل بنچ آئندہ ہفتے کیس کی سماعت کرے گا۔
فل بنچ کی سربراہی جسٹس شاہد حمید ڈار کریں گے جبکی دیگر ارکان میں جسٹس محمد انوارالحق اور جسٹس محمد قاسم خان شامل ہیں۔ درخواست مقامی شہری عاطف ستار نے دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی تقاریر میں موجودہ حکومت اور مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے رائے ونڈ جا کر دھرنا دینے کا علان کر رکھا ہے، جو قوم کو تقسیم کرنے اور ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دینے کا سبب بن سکتا ہے اوراس دھرنے سے ملک بھر میں دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان ہنگامہ آرائی کا خدشہ ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت قومی مفاد کے پیش نظر عمران خان کے ممکنہ دھرنے کو روکنے کا حکم دے۔