کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ کےنواحی علاقے میں ایف سی کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں اسپنی روڈ پر نامعلوم افراد کی ایف سی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکارشہید ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی اور سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن کے دوران 30افراد کو حراست میں لے لیا۔
وزیراعظم نوازشریف نے کوئٹہ میں ایف سی اہلکاروں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ قیمتی جانوں کی ضیاع پر افسوس ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں نے دہشت گردی سےجنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔وطن سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کا ہر صورت خاتمہ کریں گے۔
فائرنگ میں جاں بحق اہلکاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔سیکورٹی اداروں نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں فائرنگ کےدو واقعات میں5افرادجاں بحق
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر کے اندر گھس کر فائرنگ کی جس کےنتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جان کی بازی ہارگئے،مرنے والوں میں ایک کمسن بچہ بھی شامل تھے۔
دوسری جانب آواران سے متصل ضلع کیچ کے علاقےزعمران میں اسی دن نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سےلیویز فورس کاایک اہلکار جان کی بازی ہار گیاتھا۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس میں اب تک متعدد اہلکار جان کی بازی ہارچکے ہیں۔