منگل, اپریل 1, 2025
اشتہار

عمران خان کا سیاسی سرگرمیاں معطل کر کے کوئٹہ روانگی کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر کے کوئٹہ روانگی کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں اس سے قبل اتنا بڑا سانحہ ہوا جس میں وکیلوں کو نشانہ بنایا گیا، اس کے مجرموں کو پکڑنے کے لیے کیا کیا گیا۔

عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اس بات پر بحث کی گئی کہ حالیہ سانحہ کے بعد آیا سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے یا نہیں۔

عمران خان کو آج ایبٹ آباد کے لیے روانہ ہونا تھا جہاں تحریک انصاف کا جلسہ تھا تاہم عمران خان نے ایبٹ آباد کا دورہ اور جلسہ  منسوخ اور سیاسی سرگرمیاں معطل کر کے کوئٹہ روانگی کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں اس سے قبل اتنا بڑا حادثہ ہوا جس میں وکیلوں کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں 74 افراد جاں بحق ہوئے، اس کے مجرموں کو پکڑنے کے لیے کیا کیا گیا۔

کوئٹہ: سول اسپتال میں دھماکہ، 74 افراد جاں بحق *

انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نے واضح طور پر کہا ہے کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے تو وزیر اعظم اس معاملے کو اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر کیوں نہیں اٹھاتے۔

انہوں نے سوال کیا کہ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم نے کلبھوشن یادیو کے معاملے کو کیوں نہیں اٹھایا۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم تو مسئلہ کشمیر پر بھی گفتگو نہیں کرنا چاہتے تھے۔ یہاں تک کہ جب انہوں نے گفتگو کی تو مودی نے کہا کہ نواز شریف راحیل شریف کی زبان بول رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری ن لیگی حکومت پاناما میں شریفوں کی کرپشن چھپانے کے کام میں لگی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر سوال کیا کہ متنازع خبر کی وجہ سے فوج کو بدنام کیا گیا، ان لوگوں کے نام کیوں نہیں سامنے لائے گئے۔

ملک بھر کے حساس اور عسکری اداروں پر ہونے والے دہشت گرد حملے *

انہوں نے الزام لگایا کہ جب بھی ہم کرپشن کے خلاف کوئی جلسہ یا دھرنا کرنا چاہتے ہیں کوئی نہ کوئی دہشت گرد حملہ ہوجاتا ہے جس میں بھارت ملوث ہوتا ہے۔ ’ہم کوئٹہ جا کر وہاں کے لوگوں کو یقین دلائیں گے کہ پورا پاکستان ان کے ساتھ ہے اور اس بات کا مطالبہ کریں گے کہ دہشت گردانہ حملے کے پس پردہ قوتوں کا پتہ لگایا جائے‘۔

دھرنے کے لیے کسی کو دعوت نہیں دی

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پروپیگنڈا کر رہی ہے کہ ہم دھرنے کی آڑ میں عسکری اداروں کو آنے کی دعوت دے رہے ہیں۔ یہ جھوٹا پروپیگنڈہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دفاع پاکستان کونسل اور شہدا فاؤنڈیشن سمیت کسی کو دھرنے میں شرکت کی دعوت نہیں دی۔ ہمارا دھرنا پاکستان کے مظلوم عوام کے لیے ہے اور ہم نے اس سے قبل اپنے جلسے جلوسوں میں فیملیز، خواتین اور بچوں کو آنے کی دعوت دی ہے۔

دوسری جانب عمران خان نے واضح طور پر بتا دیا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے 2 نومبر کا دھرنا کسی صورت مؤخر نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں کل شب پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا جس میں 61 زیر تربیت پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ سانحے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف علی الصبح کوئٹہ پہنچ گئے جبکہ وزیر اعظم بھی کوئٹہ کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں

StatCounter - Free Web Tracker and Counter