کراچی : پولیس اور رینجرز نے کراچی کے بعض علاقوں میں کومبنگ اور ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پچاس افراد کو حراست میں لے کرتفتیش شروع کردی۔
کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کاروائیاں جاری ہے، رات گئے پولیس نے سرجانی ٹاؤن کی خدا کی بستی میں کومبنگ آپریشن کے دوران بیالیس افراد کو حراست میں لے لیا، ایس پی اورنگی ٹاؤن علی آصف کے مطابق کومبنگ آپریشن میں ویسٹ زون پولیس کی بھاری نفری اور ریزرو پولیس کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
دوسری جانب پی آئی بی کے علاقے غوثیہ کالونی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران چار افراد کو حراست میں لے لیا، رینجرز نے ناظم آباد میں بھی ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران مزید چار افراد کو حراست میں لیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ٹارگٹڈ آپریشن داخلی راستے سیل کرکے گرفتار افراد کی نشاندہی پر کیے جارہے ہیں جبکہ زیرحراست افراد سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔