ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی سحر و افطار میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے،لیاقت آباد کے شہری احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر نکل آئے، ٹائر جلا کر ٹریفک کی روانی معطل کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بھی سحرو افطار سمیت دیگر اوقات میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ رمضان المبارک میں بھی جاری ہے، کے الیکٹرک نے وزیراعظم نواز شریف کے احکامات کو یکسر نظر انداز کردیا۔
لیاقت آباد ایف سی ایریا میں بجلی کی طویل بندش پر مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔مظاہرین نے لیاقت آباد پل پر بھی ٹائر جلائے اور وہاں بھی ٹریفک کی روانی بند کردی۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ طویل لوڈ شیڈنگ کے سبب پانی بھی ختم ہوگیا، انہیں نمازوں کی ادائیگی کے لیے وضو کا پانی بھی نہیں مل پا رہا، روزے اور شدید گرمی میں بجلی کے طویل تعطل سے حالت بری ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ سحری سے قبل اور روزے سے قبل بھی بجلی بند کردی گئی۔
دریں اثنا ابوالحسن اصفہانی روڈ کے علاقہ مکین کم وولٹیج کے سبب پریشان ہیں۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے، حکومت بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے۔