ٹوبہ ٹیگ سنگھ : پولیس نے ٹوبہ ٹیگ سنگھ میں زہریلی شراب فروخت کرنے والے مبینہ ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 42 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیگ سنگھ کے علاقے مبارک آباد میں کرسمس پر زہریلی شراب کس نے پہنچائی، پولیس کے مطابق ٹوبہ ٹیگ سنگھ سے چودہ کلو میٹر دور تھانہ چٹیانہ کے خاکروب ساون مسیح نے تھانہ پولیس لائن کے ہلاک ہونے والے خاکروب کو زہریلی شراب فروخت کی، یہی زہریلی شراب مسیحی برادری کی خوشیاں دیکھتے دیکھتے نگل گئی ۔
پولیس ذرائع کے مطابق ساون مسیحی نے پولیس مال خانے سے چوری شدہ شراب میں ملاوٹ کرکے بیچی ۔
مزید پڑھیں : زہریلی شراب پینے سے ہلاک افراد کی تعداد 42 ہوگئی
واقعہ کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی انوسٹی گیشن ٹیم کے انچارج کوکب ندیم وڑائچ نے مبارک آباد کا دورہ کیا اور اہل علاقہ کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دوسری جانب کرسمس کے موقع پر زہریلی شراب پینے سے ہلاک افراد کی تعداد 42 ہوگئی ہے، جس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے،مقامی انتظامیہ نے متاثرہ افراد کو تشویش ناک حالت میں الائیڈ اسپتال فیصل آباد جبکہ بقیہ افراد کو ڈی ایچ کیو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں منتقل کیا تھا جہاں پر ہلاک افراد کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔