واشنگٹن : ٹی بی کے خلاف عالمی رول ماڈل تسلیم کئے جانے کے بعد پاکستان کا ایک اور اعزاز،،،پاکستان نے سال دو ہزار سولہ کا یو ایس ایڈ چیمپئینز آف ٹی بی ایوارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے موصول ہونے والی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے نیشنل ٹی بی کنٹرول پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر اعجاز قدیر کا کہنا تھا کہ امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ کی جانب سے پاکستان کو ایوارڈ گذشتہ پانچ برسوں کے دوران دنیا سے تپ دق کے خاتمے کیلئے نمایاں اور موثر کردار ادا کرنے پر دیا گیا ہے ۔
پانچ برسوں کے دوران پاکستان میں ضدی ٹی بی ،ایم ڈی آر کے مریضوں کی ریکارڈ تشخیص سمیت مریضوں کی صحت یابی کی شرح دنیا بھر میں سے ذیادہ رہی ہے ۔جبکہ پانچ برسوں کے دوران پاکستان نے ٹی بی سے ہونے والی شرح اموات میں ریکارڈ پچاس فیصد کمی لائی ہے ۔
تقریب کے دوران عالمی برادری نے دنیا سے ٹی بی کے خاتمے کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے کئے گئے موثراقدامات کو سراہا۔ اور ٹی بی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ایوارڈ کو نیشنل ٹی بی کنٹرول پروگرام کے لئے بڑا بریک تھرو قرار دیا ۔
ایوارڈکی تقریب سترہ مارچ کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوئی ۔ وزیر مملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کی اچانک مصروفیات کے باعث ایوارڈ امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے وصول کیا۔