نوشہرہ: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر نوشہرہ میں جمعیت علمائے اسلام کے صد سالہ یوم تاسیس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ اجتماع میں امام کعبہ نے نمازجمعہ پڑھائی۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے 100 سال مکمل ہوگئے۔ اس سلسلے میں نوشہرہ میں تاسیس کی سہ روزہ تقریبات جاری ہیں۔
جے آئی یو کے یوم تاسیس میں شرکت کے لیے آئے مہمان خصوصی امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد ابراہیم آل طالب اور سعودی وزیر برائے مذہبی امور صالح بن عبد العزیز الشیخ کو مولانا فضل الرحمٰن نے خوش آمدید کہا۔
امام کعبہ کا خطاب جمعہ
اجتماع کے موقع پر امام کعبہ نے خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام امن اور محبت کا دین ہے۔ قرآنی تعلیمات اوررسول ﷺ کی اسوہ حسنہ میں ہی فلاح ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے ہاں اس کا مقام بلند ہے جس میں تقویٰ زیادہ ہو، جبکہ قرآن ہمیں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑنے اور فرقہ واریت میں نہ پڑنے کا حکم دیتا ہے۔
سعودی وزیر برائے مذہبی امور کا خطاب
اس سے قبل سعودی وزیر برائے مذہبی امور صالح بن عبد العزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے برصغیر میں مساجد کی حفاظت کی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا رشتہ بے مثال ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے رشتے کو الفاظ کی تعبیر نہیں دی جاسکتی۔ دونوں ممالک حقیقی بھائیوں کی طرح ہیں۔
سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر ہر چیلنج کا سامنا کریں گے۔ ہم اور آپ ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب پاکستانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
اس موقع پر امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ حل نہ کر سکے جس کے باعث مسائل مزید بڑھ گئے۔
بعد ازاں امام کعبہ نے نماز جمعہ کی امامت کی۔
یوم تاسیس کے موقع پر پنڈال میں گھڑ سواروں نے گشت کیا جبکہ ہزاروں افراد کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈنڈا بردار فورس بھی اپنے فرائض انجام دیتی رہی۔ نوشہرہ میں 3 روز کے لیے خیمہ بستی بھی قائم کی گئی ہے۔