کندھ کوٹ: تحریک انصاف کےچیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں بے روزگاری انتہاء کو پہنچ چکی، نوجوان بے روزگار گھوم رہے ہیں اگر انہیں نوکری نہیں دی تو نوجوان جرائم یا منشیات کی طرف چلے جائیں گے۔
کندھ کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو جگانے آیا تھا مگر جلسے میں عوام کی شرکت دیکھ کر اندازہ ہوا کہ یہاں کے عوام پہلے سے ہی جاگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بے رزگاری انتہاء کو پہنچ چکی، نوجوانوں کو نوکریاں نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے وہ جرائم اور منشیات کی طرف جارہے ہیں، پڑھے لکھے نوجوان ملک چھوڑ کر بیرون ملک جارہے نوکریاں کرنے جارہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ قائد اعظم نے کہا تعلیم پر توجہ دیں تو کرپشن ختم ہوجائے گی اور ملک میں روزگار کے مواقع ملیں گے مگر ہمارے حکمرانوں نے اس طرف دھیان نہیں دیا اور آج سالانہ کروڑوں ڈالر بیرون ملک بھیجے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب گیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ حکمرانوں کی چوری کا بوجھ عوام پر مسلط کیا جاتا ہے اور اُن سے ٹیکس کی مد میں پیسہ وصول کیا جاتا ہے، اس صورتحال کے باوجود ہمارے حکمران قرضوں کی بھیک مانگ رہے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ نوازشریف نے چھ گھنٹے جہاز میں تقریر کی تیاری کی مگر وہاں اُن کو موقع ہی نہیں دیا گیا کیونکہ دنیا اُس وزیر اعظم کو عزت دیتی ہے جس پر مقدمات نہیں ہوتے، سعودی عرب نے نوازشریف کو بارہواں کھلاڑی بنا دیا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں بھارت کا نام لیا مگر پاکستان کا نام نہیں لیا جبکہ پاکستان نے امریکا کی جنگ لڑ کر 70 افراد کی قربانیاں دی ، مودی حکومت کشمیر میں مظالم کررہی ہے مگر امریکی صدر اُن کے لیے ہمدردی کے بیان دے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی اقتدارمیں آئی توپاکستان کاوزیراعظم کسی سےبھیک نہیں مانگےگا اور نہ ہی کسی کے سامنے جھکے گا کیونکہ ہاتھ پھیلنے والوں کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔