اسلام آباد:عالمی یوم امن پر حریت رہنماء کی اہلیہ مشعال ملک نے مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور برما میں انسانیت سوز مظالم پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں، فلسطینیوں اور کشمیریوں پر مظالم فوری بند کرانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط لکھا گیا، خط میں مشعال ملک نے مقبوضہ کشمیر، فلسطین، برما میں انسانیت سوز مظالم پر اظہار تشویش کیا۔
مشعال ملک نے اپنے خط میں کہا کہ اقوام متحدہ روہنگیا مسلمانوں، فلسطینیوں پر مظالم فوری بندکرائے، مقبوضہ کشمیر کے رہنے والوں سے بنیادی حقوق چھین لئے گئے۔
خط میں کہا گیا ہے یواین مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم کانوٹس لے ، 3 سال سے میری اور بیٹی کی یاسین ملک سے ملاقات نہیں ہو ئی ، بھارتی ہائی کمیشن شوہر کے پاس جانے کیلئے ویزہ جاری نہیں کررہا۔
مزید پڑھیں : مشعال ملک کا اقوام متحدہ سے برما پر پابندیاں عائد کرنے اور فیکٹ فائنڈنگ مشن بھجوانے کا مطالبہ
یاد رہے اس سے قبل حریت رہنماء مشعال ملک نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ سے برما پر سفارتی ،معاشی اور دفاعی پابندیاں عائد کرنے اور فیکٹ فائنڈنگ مشن برما بھجوانے کا مطالبہ کیا تھا۔
خط کے مندرجات کے مطابق مشعال ملک نے برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برما میں انسانی حقو ق کی پامالیاں اور انسانیت کے خلاف بدترین جرائم کا ارتکاب جاری ہے، روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے انہیں گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا جبکہ مسلمان آبادیوں کو نذر آتش کیا جا رہا ہے۔
خط میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے فوری طور پر برما کا دورہ کریں اور اس سے قبل قتل عام رکوانے اور قیام امن کے لئے آنگ سان سوچی اوربرما کے آرمی چیف سے براہ راست رابطہ کریں۔