لاہور : وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ پشاور میں ڈینگی سے مریض تڑپ رہے ہیں اور عمران خان نے اس مشکل وقت میں اپنے ووٹرز کو تنہا چھوڑ دیا ہے لیکن پنجاب حکومت اب کے پی کے میں بھی اپنے تجربے کی بنیاد پر ڈینگی کا مقابلہ کرے گی.
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پشاور ڈینگی سے جل رھا ھے اور کے پی کے کا نیرو (عمران) بانسری بجا رہا ہے اور وہاں سے غائب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ خیبر پختو نخوا کی لاہور میں ڈینگی حملے پرعمران خان بجائے ہمدردی کے ہمارا مذاق اڑاتے رہے لیکن ہم نے اس مشکل وقت میں مذاق اڑانے کے بجائے کے پی کے کی مدد کرنے کی ٹھانی ہے۔
پشاور ڈینگی حملے کی زد میں ھے۔پنجاب حکومت اھل پشاور کی مدد کے لیےوھاں موجود جبکہ عمران موقعہ سے غائب ھے
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) August 19, 2017
انہوں کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بدترین حکومت کی مثال پیش کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کا کباڑہ کر دیا ہے اور اتنے خوبصورت صوبے میں بد انتظامی و کرپشن اپنے عروج پر ہے۔
پشاور میں ڈینگی وائرس حملہ کیخلاف کے پی حکومت کی ناکامی اور نااھلی شرمناک ھے
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) August 19, 2017
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کے پی کے حکومت ڈینگی کی پیشگی اطلاع اورخطرے کی نشاندہی میں یکسر ناکام ہوگئے ہیں تاہم سیاسی اختلافات رکھنے کے باوجود حکومت پنجاب خیبرپختونخوا حکومت سے تعاون کرتی رہے گی۔